پاکستان میں کثیرالقومی بحری مشقیں
پاکستان میں "اتحاد برائے امن" نعرے کے تحت بحری مشقوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں 45 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔۔
اسلام آباد سے ارنا نیوز ایجسنی کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی بحریہ کی کثیر القومی امن مشق 2021ء کا کراچی کے ساحلی علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران سمیت 45 ممالک کی شرکت سے انعقاد کیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی امن مشقیں "اتحاد برائے امن" کے نعرے سے 11 سے 16 فروری تک کراچی میں جاری رہیں گی۔ رپورٹ کے مطابق ان کثیر القوامی بحری مشقوں میں 45 ممالک حصہ لیں گے؛ اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک فوجی وفد بھی مبصر کی سطح پر حصہ لے گا۔
واضح رہے کہ پاکستانی بحریہ کی اس کاوش کا مقصد علاقائی اور دیگر ملکوں کی بحریہ کے درمیان مشترکہ تعاون کا فروغ اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔
ان مشقوں کے دوران کئی ممالک کی افواج ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوتی ہیں اور مختلف ممالک کے جہازوں پر موجود عملہ اور مندوبین پاکستانی بحریہ کے افسران اور جوانوں سے میل جول کرتے ہیں۔
یہ مشقیں بحری سفارتکاری کی ایک اچھی مثال شمار ہوتی ہیں اور پاکستانی بحریہ کے جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملک کے وقار کو بڑھانے کا باعث بھی ہیں۔