Feb ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ایرانی و پاکستانی بحریہ مشترکہ تعاون کے لئے پر عزم

پاکستانی بحریہ کی میزبانی میں امن دو ہزار اکیس سے موسوم بین الاقوامی فوجی مشقوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی وفد کے سربراہ نے ایران اور پاکستان کی بحریہ کے درمیان تعاون کی تقویت پر زور دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج سے وابستہ کرنل مصطفی قنبرپور کے ساتھ سیکنڈ ریئر ایڈمرل آریا شفقت رودسری کی زیرقیادت ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے جوانوں پر مشتمل ایران کے فوجی وفد نے جمعے کے روز کراچی کی بندرگاہ پر پاکستانی بحری فوج کے کمانڈر نوید اشرف سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات پاکستان کی بحریہ کی میزبانی میں کثیر قومی ساتویں بین الاقوامی فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر انجام پائی۔ اس ملاقات میں فریقین نے بحری سیکورٹی کے شعبے میں ایران اور پاکستان کی بحریہ کے درمیان لین دین کے طریقوں اور تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا۔

اس ملاقات میں پاکستانی بحریہ کے کمانڈر نے امن بین الاقوامی بحری مشقوں میں ایرانی فوجی وفد کی شمولیت کو اہمیت کا حامل قرار دیا اور ایران کی جانب سے اس سلسلے میں توجہ دیئے جانے کی قدردانی کی۔

فریقین نے اسی طرح ایک دوسرے کی بندرگاہوں کے معائنے کے دائرے میں دونوں ملکوں کی بحریہ کے درمیان تعاون کے فروغ اور مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ 

ٹیگس