ایرانی سائنسدان ابو ریحان بیرونی کو وزیراعظم پاکستان کا زبردست خراج عقیدت
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے شہرہ آفاق ایرانی سائنسدان اور دانشور ابو ریحان البیرونی سے منسوب یادگار سیاحتی مقام البیرونی ریڈیس کا افتتاح کردیا ہے۔
صوبہ پنچاب کے شہر جہلم کے نواح میں واقع تاریخی علاقے قلعہ نندانہ میں واقع ابو ریحان بیرونی سے منسوب البیرونی ٹریل کے سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ابوریحان البیرونی کو عالم اسلام کا عظیم دانشور قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ابو ریحان البیرونی نے تاریخ میں پہلی بار اس مقام سے زمین کی پیمائش کی تھی اور یہ اتنی درست تھی کہ آج بھی دنیا اسے تسلیم کرتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ دنیا کی بہت خاص جگہ ہے جہاں ایک ہزار سال قبل ابوریحان بیرونی نے کئی سال رہ کر زمین کی پیمائش کی جبکہ یورپ میں یہ کام چار پانچ سو سال بعد انجام پایا۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ عظیم مسلم سائنسدان ابوریحان البیرونی کی اس یادگار کو جاودانی بنایا جائے گا اور اسے ایک بہترین سیاحتی مقام میں تبدیل کرکے ان ہی کے نام سے منسوب کیا جائے گا -
کہا جاتا ہے کہ معروف ایرانی سائنسدان ابو ریحان البیرونی کئی برس قلعہ نندانہ میں مقیم رہے جہاں سے انہوں نے زمین کا حساب کتاب لگا یا جسے انہوں نے اپنی کتاب قانون مسعودی میں وضاحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ ابوریحان البیرونی زندیہ سلسلے کے ایران کے شہر خوارزم میں سن تین سو باسٹھ ہجری میں پیدا ہوئے اور سن چار سو چالیس ہجری میں غزنی میں وفات پائی۔