پاکستان، سینیٹ کے چیرمین اور سینیٹ کے انتخاب پر تنازعہ
پاکستان میں تحریک انصاف کی قیادت والے حکمراں اتحاد نے ملک کے ایوان بالا سینیٹ کے چیرمین اور ڈپٹی چیر مین کا انتخاب جیت لیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار ناکام ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایوان میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران حکمران اتحاد کے صادق سنجرانی اڑتالیس ووٹ لے کر ایک بار پھر سینیٹ کے چیرمین منتخب ہوگئے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے مضبوط سمجھے جانے والے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اپوزیشن کا اتحاد ڈپٹی چیرمن سینٹ کا انتخاب بھی ہار گیا ہے اور اس متفقہ امیدوار عبدالغفور حیدری کو چوالیس ووٹ ملے جبکہ حکمران اتحاد کے امیدوار مرزا محمد آفرید چون ووٹ حاصل کے ایوان کے ڈپٹی چیر مین منتخب ہوگئے۔
قبل ازیں پریزائیڈنگ افسر مظفر حسین شاہ نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ایوان کو بتایا کہ مجموعی طور پر اٹھانوے ووٹ ڈالے گئے ، آٹھ مسترد ہوئے جن میں سے سات ووٹ ایسے تھے جو اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو ڈالے گئے تھے۔
یوسف رضا گیلانی کے پولنگ ایجنٹ فاروق ایچ نائیک نے مسترد ہونے والے ووٹوں کو چیلنج کیا تاہم پریزائیڈنگ افسر نے فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے انہیں الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ووٹوں کے استرداد پر ایوان میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور اپوزیشن کے ارکان نے کافی شور شرابہ کیا ۔
بعد ازاں نومنتخب چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ نے یکے بعد دیگر اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔
اپوزیشن کی جماعت پیپلز پارٹی نے چیرمین سینیٹ کے ہونے والے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں جانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔