Mar ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں برٹش کورونا شدت اختیار کرگیا

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت پیدا ہوگئی ہے اور برٹش کورونا کے ستر فیصد سے زائد کیس سامنے آنے کے بعد مختلف شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کورونا وائرس کی تیسری لہر میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ صوبائی  محکمہ  صحت کے حکام نے بتایا تھا کہ پنجاب کے چار شہروں میں وبا کے ستر فیصد معاملات دراصل برطانیہ میں پائی جانے والی نئی قسم کے کورونا وائرس کی نشاندہی کرتے ہیں۔صوبہ پنجاب کی حکومت نے  وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے کے سات شہروں میں دو ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

پاکستان کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں بھی انتظامیہ نے کورونا کی تیسری لہر کو روکنے کے لیے خصوصی ہدایات نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق صوبے بھرکے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں عملی حاضری پچاس فیصد تک گھٹانے اور پارکوں اور پبلک مقامات کو شام چھے بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ہدایت نامے کے مطابق صوبے بھر میں تمام کاروباری مراکز شاپنگ مال اور شادی حال شام چھے بجے بند کردیئے جائیں گئے۔ اعلامیے کے مطابق اگر کسی مقام پر وبا کے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی ہوتی ہے تو سابقہ فیصلے کے تحت متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید دو ہزار دو سو پچاس سے زائد کیسیز سامنے آئے ہیں اور تیس کے قریب افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد چھے لاکھ سات ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ تیرہ ہزار پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ 

ٹیگس