پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر اضافے کا مشاہدہ کیا جارہا ہے اور یومیہ مریضوں کی تعداد چار ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں تین ہزار نو سو چھیالیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔
پاکستان میں نو ماہ کے بعد ایک دن میں اتنی زیادہ تعداد میں کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح آٹھ فی صد سے بڑھ کر دس فی صد اوپر چلی گئی ہے۔
نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے ترسٹھ افراد کی موت واقع ہوئی ہے جس کے بعد پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چودہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چھے لاکھ چالیس ہزار نوسو ہو گئی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ نواسی ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
حکومت پاکستان نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک کے بعض شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔