پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت کا سلسلہ جاری
پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت کا سلسلہ جاری ہے اور کورونا ٹیسٹ میں مثبت نتائج کی شرح دس فیصد بتائی گئی ہے
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے چار ہزار چار سو اڑسٹھ نئے مریضوں اور سڑسٹھ اموات کا اندراج کیاگیا۔
پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چھے لاکھ انچاس ہزار آٹھ سو چوبیس ہوگئی ہے جن میں سے چودہ ہزار ایک سو اٹھاون افراد ہلاک اور پانچ لاکھ ترانوے ہزار دو سو بیاسی افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کے بیالیس ہزار تین سو چوراسی ہوگئی ہے۔اس دوران پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ کورونا کی برطانوی قسم زیادہ خطرناک ہے جو بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ دن میں کورونا کے ان مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جن کی حالت تشویشناک ہے۔