پاکستان میں لاک ڈاؤن کا اعلان
پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے انتس مارچ سے لاک ڈاؤن اور سبھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات اور سرگرمیوں پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ اتوار کو اسلام آباد میں نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جو وفاقی وزیر اور این سی او سی کے چـیف اسد عمر کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریوں نے بھی شرکت کی ۔
اس اجلاس میں کورونا کی تیسری لہر کی صورتحال، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات ، اسمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی بڑھانے اور ضروری طبی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے پابندیاں سخت تر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس بیان کے مطابق ملک میں سبھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور اجتماعات پر فوری طور پر پابندی لگادی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے انتیس مارچ سے لاک ڈاؤن کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے لیکن صوبائی حکومتیں فوری طور پر بھی لاک ڈاؤن نافذ کرسکتی ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ چـوبیس گھنٹے میں کورونا کے چار ہزار سات سو سڑسٹھ نئے مریضوں اور ستاون اموات کا اندراج کیا گیا اور کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے چوالیس ہزار چار سو سینتالیس ہوگئی ہے۔