جنوبی افریقا کے ساتھ پہلےون ڈے میں پاکستان کی شاندار جیت
پاکستان نے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو تین وکٹ سے شکست دے دی -
پاکستان کی قومی ٹیم نے ٹاس جیت کے جنوبی افریقا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ۔
جنوبی افریقا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ، مقررہ پچاس اوور میں ، چھے وکٹ کے نقصان پر دو سو تہتر رن بنائے ۔ جنوبی افریقا نے بلے بازی کا آغاز کیا تو اس کے سلامی بلے باز کوئنٹن ڈی کوک بیس ہی رن بناکر چونتیس کے اسکور پر پویلین واپس ہوگئے ۔ اس کے بعد اکتالیس کے اسکور پر دوسرے سلامی بلے باز ایڈن ماکہم بھی انیس رن بنا کے آؤٹ ہوگئے ۔
جنوبی افریقا کا تیسرا وکٹ تینتالیس رن کے اسکور پر گرا ۔ اس کے بعد ریسی وینڈر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو سہارا دیا اور ایک سو سولہ رن کی شراکت داری میں ملر نے اپنی نصف سینچری مکمل کی ۔
ڈیوڈ ملر ایک سو اکہتر رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ملر کے بعد فیلکواویو نے ڈوسن کے ساتھ مل کے اسکور دو سو پینتیس تک پہنچایا اور انتیس رن بناکر آؤٹ ہوئے ۔جنوبی افریقا کی ٹیم نے چھے وکٹ کے نقصان پر دوسو تہتر رن بنائے اور پاکستان کو جیت کے لئے دو سو چوہتر رن کا ہدف دیا۔
پاکستان کی طرف سے سلامی بلے باز فخر زماں اور کپتان بابر اعظم نے بلے بازی شروع کی ۔ فخر زمان آٹھ رن بناکے تیسرے اوور میں ہی آؤٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد کپتان نے امام الحق کے ساتھ مل کے سنبھل کے بلے بازی شروع کی ۔ کپتان بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کے ایک سو ستتر رن کی شراکت قائم کی اور اپنی سینچری مکمل کی ۔ بابر اعظم نے سترہ چوکے لگائے اور ایک سو ستاسی کے اسکور پر ایک سو تین رن بناکے آؤٹ ہوئے ۔ کپتان بابر اعظم کے علاوہ سلامی بلے باز امام الحق نے ستر ، محمد رضوان نے چالیس اور شاداب خان نے تینتیس رن بناکے پاکستان کی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا اور پاکستان نے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو تین وکٹ سے شکست دے دی ۔