Apr ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۲:۲۵ Asia/Tehran
  •  محمد حفیظ پرکرکٹ کے شائقین کی نظریں

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج وانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جارہا ہے۔

جسارت آئن لائن کے مطابق 4 میچوں پر مشتمل اس سیریز کا یہ پہلا میچ اس لحاظ سے کافی اہم ہے کہ اس میچ میں شائقین کرکٹ کی نظریں قومی کرکٹر محمد حفیظ پر مرکوز ہوں گی، جنہیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 100 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کے لیے صرف ایک میچ اور شعیب ملک سے زیادہ رنز بنانے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔

40 سالہ کرکٹر اگر قومی کرکٹ ٹیم کی فائنل الیون کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ان کا 100 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا، اس سے قبل صرف شعیب ملک ہی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرپائے ہیں، وہ 116 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں۔

۔دلچسپ امر یہ ہے کہ محمد حفیظ نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا 50 واں میچ بھی 2013 میں اسی وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا تھا جہاں آج ممکنہ طور پر وہ اپنا 100واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔

محمد حفیظ اب تک 99 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 2323 رنز بنا چکے ہیں۔ اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس ہے جو 116 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 2335 رنز بناچکے ہیں۔

محمد حفیظ کو یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے آغاز سے اب تک آئی سی سی کی جانب سے 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد کیا جاچکا ہے، ان 6 میں سے 5 مواقع ایسے تھے کہ جہاں محمد حفیظ نے پاکستان کی نمائندگی کی اوروہ صرف 2009 میں منعقدہ ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

 

ٹیگس