پاکستان اور جنوبی افریقہ کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ، پاکستان نے 3 وکٹ سے جیت لیا
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے ہرا دیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں کپتان بابراعظم نے ٹاس جیتا اور جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ نے انیس اعشاریہ تین اوور میں ایک سو چوالیس رن بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے زیادہ ونڈر ڈوسین نے اسکور کیا جنھوں نے چھتیس گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے باون رن بنائے۔ پاکستان کی طرف فہیم اشرف اور حسن علی نے تین تین اور حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انیس اعشاریہ پانچ اوور میں ایک سو انچاس رن بنائے۔ اننگ کے آغاز میں پاکستان کا ایک وکٹ جلدی گر گیا تھا تاہم بابر اعظم اور فخر زمان کے درمیان اچھی ساجھے داری ہوئی اور دونوں نے اسکور کو نوے سے اوپر پہنچا دیا۔
فخر زمان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جنھوں نے چونتیس گیندوں میں پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ساٹھ رن بنائے اور اس طرح بیانوے کے اسکور پر دوسرا وکٹ گرا۔ مگر بعد میں جنوبی افریقہ کے بالروں نے کم بیک کیا اور میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا۔ کڑی محنت کے بعد پاکستان نے میچ کو اپنی فتح میں تبدیل کر دیا اور ایک گیند باقی رہتے ہوئے ہدف پورا کرلیا۔
اس طرح جنوبی افریقا اور پاکستان میں چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بابراعظم الیون کو تین ایک کی برتری حاصل رہی۔