May ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۱:۳۴ Asia/Tehran
  • پاکستان ؛  حضرت امام علی (ع) کی شہادت کے موقع پر ماتمی جلوس

پاکستان بھر میں حضرت امام علی (ع) کی شہادت کے موقع پر عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان بھر میں امیرالمومنین حضرت امام علی (ع) کی شہادت کے موقع پر ماتمی جلوس نکالے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور ماتمی جلوسوں اور مجالس میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پرمکمل پابندی کے ساتھ عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں امیرالمومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے مرکزی جلوس عزا حکومتی ایس او پیز کے ساتھ نشترپارک سے آج صبح برآمد ہوا، مرکزی جلوس عزا روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔

کراچی میں یوم شہادت حضرت امام علیؑ کے موقع پرمرکزی مجلس عزا کا انعقاد صبح چھ بجے نشترپارک میں کیا گیا جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس عزا کے اختتام پر یوم علیؑ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا، جلوس میں عزادارن امام علیؑ کی بڑی تعداد موجود ہے، ماتمی جلوس میں عزاداران امام علیؑ کی جانب سے ایس او پیز خصوصاً ماسک پہننے کا لازمی خیال رکھا جا رہا ہے۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔

پاکستان کے دوسرے شہروں کی طرح لاہور میں بھی یومِ شہادتِ حضرتِ علی علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور کا تاریخی مرکزی جلوس رات 11 بجے اندرون موچی دروازہ مبارک حویلی سے برآمد ہوا۔ جلوس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ جلوس کے راستے میں سبیلوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ مبارک حویلی سے برآمد ہونے والا جلوس علی الصبح 7 بجے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ آج یومِ شہادت شیرِ خدا علیہ السلام کی مناسبت سے دن بھر کربلا گامے شاہ میں مجلس عزا ہوتی رہے گی۔

ذرائع کے مطابق لاہور کی امامیہ کالونی میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کی مناسبت سے جلوس برآمد ہونے لگا تو پولیس کی بھاری نفری نے دھاوا بول دیا، عزاداروں پر لاٹھی چارج کیا اور متعدد عزاداروں کو گرفتار کر لیا ۔

کوئٹہ میں بھی حضرت امام علی (ع) کی شہادت کا غم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور شہادت حضرت علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس آج رات بر آمد ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی وزارت داخلہ نے یومِ علی (ع)  کے موقع پر ماتمی جلوسوں پر پابندی اور مجالس کو ایس او پیز کے تحت منعقد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

ٹیگس