پہلی جون سے پاکستان کی سپر لیگ کے باقی میچ ابو ظبی میں ہوں گے
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچوں میں شرکت کے لئے دوسو سے زائد کرکٹ کے کھلاڑی، پی سی بی عہدیدار اور عملے کے افراد متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ویزے کے التوا کے سبب ابو ظبی جانے والی چارٹرڈ فلائٹوں میں سوار نہ کئے جانے والے کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف اور عملے کے افراد آئندہ اڑتالیس گھنٹے میں ایک اور چارٹرڈ فلائٹ سے ابو ظبی پہنچ جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی اور لاہور سے چارٹرڈ فلائٹوں کے ذریعے دو سو سے زائد کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف، عملے کے افراد اور اعلی عہدیدار ابوظبی پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپرلیگ کا آغاز بیس فروری کو کراچی سے ہوا تھا لیکن چار مارچ کو سات کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کا پتہ چلنے کے بعد بقیہ میچوں کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ طے پایا تھا کہ اس سیزن کے سپر لیگ کے بقیہ میچ یکم جون سے کراچی میں دوبارہ شروع ہوں گے مگر اس درمیان ملک میں کورونا کی تیسری لہر شروع ہوگئی جس کے بعد ان میچوں کو ابوظبی منتقل کرنے پر اتفاق ہوا جس کی متحدہ عرب امارات کی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔