May ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  • معیشت چل پڑی ہے، ملک اچھے وقت کا انتظار کرے: عمران خان

پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو اچھا وقت آنے کی خوش خبری دی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک کی معیشت چل پڑی ہے اور اچھا وقت آرہا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت ٹھیک جگہ پر کھڑا ہے۔

عمران خان نے رشکئی اقتصادی زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ اقتصادی زون سی پیک کے اندر آتا ہے جو خوش آیند ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل صنعتی ترقی میں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت اقتصادی زون میں سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرے گی کیونکہ برآمدات بڑھانے کے لئے انڈسٹری لگانے کی ضرورت ہے اور جب تک برآمدات میں اضافہ نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

عمران خان نے اپنی اس تقریر میں اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پر توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ عوام سے کہتے تھے کہ گھبرانا نہیں تو عوام گھبرا جاتے تھے۔

عمران خان نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان کورونا سے نکلا ہے شاید تین چار ممالک ہی نکلے ہوں گے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جی ڈی پی کی شرح نمو بڑھنے پر ان کے مخالفین بھی حیران ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا ہے کہ ملک کی جی ڈی پی کی شرح نمو تین اعشاریہ نو چار فیصد رہی اور آئندہ مالی سال کے لئے چار اعشاریہ آٹھ فیصد شرح نمو کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ٹیگس