اسلام آباد، طلبا نے ہائی وے جام کر آن لائن امتحانات کا مطالبہ کیا
سیکڑوں پاکستانی طلبانے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مظاہرہ کرکے آن لائن امتحانات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق سیکڑوں طلبا نے جن کی تعداد چھ سو سے سات سو کے درمیان بتائی جاتی ہے، فیض آباد انٹرچینج پل پر جمع ہوکر ایکسپریس وے بلاک کر دیا۔
احتجاج کرنے والے طلبا مطالبہ کررہے تھے کہ جب کلاسیں آن لائن ہوئی ہیں تو ان کے سالانہ امتحانات بھی آن لائن لیے جائیں. انہوں نے حکومت، وفاقی وزیر تعلیم اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس موقع پر احتجاجی طلبا اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس نے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ طلبا نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
اسلام آباد پولیس نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزام میں متعدد طلبا کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔