ابوظبی میں پی ایس ایل مقابلے, ملتان سلطانز فائنل میں
ابوظبی میں جاری پاکستان سپر لیگ میں ایک طرف پہلے ایلی منیٹر میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو اور دوسری طرف کوالفائر میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو شکست دے دی۔
ابوظبی میں پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹیڈ کو شکست دے کر، فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں ایک سو اسّی رن بنائے اور اسلام آباد یونائٹیڈ کو جیت کے لئے ایک سو اکیاسی رن کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم مقررہ بیس اوور میں نو وکٹ کے نقصان پر صرف ایک سو انچاس رن بنا سکی اور میچ ملتان سلطانز کی ٹیم نے اکتیس رن سے جیت لیا۔ اس طرح ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے فائنل میں پہنچ گئی۔
ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔
دوسری طرف ابوظبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے پہلے ایلی منیٹر میں پشاور زلمی نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں کراچی کنگز کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگز کو بلے بازی کی دعوت دی۔
کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر ایک سو پچھتر رن بنائے اور پشاور زلمی کو ایک سو چھہتر رن کا ہدف دیا اور پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کرلیا۔