بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے پارلیمنٹ میں نشستیں مخصوص کی جائیں: مسلم لیگ ن کا مطالبہ
پاکستان میں قائد حزب اختلاف نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی نمائندگی کا فارمولا پیش کیا ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف نے سنیچر کو قومی اسمبلی سے خطاب کے دوران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی نمائندگی کی تجویز پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے قومی اسمبلی میں پانچ سے سات نشستیں اور سینیٹ میں دو نشستیں مخصوص کی جائیں۔
انھوں نے کہا کہ ان نشستوں پر غیر مقیم پاکستانیوں کے نمائندوں کے انتخاب کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں سبھی سیاسی جماعتیں مل کے طے کر سکتی ہیں۔
پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں بیرون ملک پاکستانیوں کی نمائندگی یقینی بنانے کے لئے سبھی سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جا سکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت، بیرون ملک پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ سمجھتی ہے اور جمہوری فکر کے ساتھ پارلیمنٹ میں ان کی نمائندگی کی حمایت کرتی ہے۔