پاکستان کی حکومت پر سابق صدر زرداری کی تنقید
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بقول ان کے پاکستان میں کوئی حکومت نہیں ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے ایک صحافی کے اس سوال کے جواب میں کہ ’’آپ نے کہا تھا کہ حکومت چلی جائے گی اب کیا صورتحال ہے؟، کہا کہ حکومت ہے ہی نہیں تو جائے گی کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے جنوری میں کہا تھا کہ ملک کی سیاست میں اگلے چند ماہ بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت گھر جائے کیونکہ اس کی نااہلی اور غیر تجربہ کاری، ملک کو بڑے بحران سے دوچار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ بقول ان کے سیلیکٹیڈ حکمران اپنے ہی وژن کے ساتھ گرجائیں گے، بس انہیں آخری دھکے کی ضرورت ہے۔
منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو مانگے تانگے پر گھس گھسا کر نظام چلا رہے ہیں۔
اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں پر پارلیمان کو اعمتاد میں لینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمان کو ہر معاملے میں اعتماد میں لیا جانا چاہئے۔