اتنی جدوجہد کے بعد حکومت کے ساتھ ڈیل ممکن نہیں: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کے ساتھ ڈیل کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں پی ڈی ایم کے جلسوں میں اپنی عدم شرکت کے بارے میں کہا کہ ان جلسوں میں پارٹی کی نمائندگی میاں شہباز شریف نے کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن جلسوں میں پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف موجود ہوتے ہیں ان میں ان کی شرکت ضروری نہیں ہوتی۔
مریم نواز نے حکومت سے ڈیل کے بارے میں پوچـھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اتنی قربانیاں دینے اور جدوجہد کے بعد کسی ڈیل کا کیا کوئی سوال ہوتا ہے؟ مریم نواز نے کہا ہے ہم نے جن لوگوں کے خلاف اتنی جدوجہد کی ہے ، ان کے ساتھ ڈیل کیسے ہوسکتی ہے۔
انھوں نے حکومت کے خلاف انتخابات میں دھاندلی کے الزام کو دوہراتے ہوئے دعوا کیا کہ ان کی جماعت کے پاس دھاندلی کے بڑے بڑے ثبوت موجود ہیں۔