Jul ۱۶, ۲۰۲۱ ۰۱:۴۹ Asia/Tehran
  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

 اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی درخواست منظور کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

شہباز گل نے دعوی کیا کہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں گیارہ روپے سے زیادہ کے اضافے کی سفارش کی تھی تاہم وزیراعظم نے اسے منظور نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ حکومت نے  پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے چالیس پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے چون پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ہے۔ 

 پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیتموں کا اطلاق سولہ جولائی سے ہوگا۔

ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی قیمت ایک سو اٹھارہ روپے  نو پیسے اور ڈیزل کی قیمت ایک سو سولہ روپے ترپن پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔ 

رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی ایک روپے چالیس پیسے کی منظوری دی ہے جس کے بعد ایندھن کی قیمت ستاسی روپے چودہ پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔ 

قابل ذکر ہے کہ مٹی کا تیل پاکستان کے بیشتر دیہی علاقوں میں کھانا پکانے کے لیے بطور ایندھن استعمال کیا جاتا ہے۔ 

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

ٹیگس