پاکستان میں کورونا کے معاملات
پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے نتیجے میں زیر علاج مریضوں کی شرح پانچ فیصد سے زائد ہوگئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے اور متاثرین کی یومیہ تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے دو ہزار سات سو تراسی نئے مریضوں اور انتالیس نئی اموات کا اندراج کیا گیا۔ اس دوران پاکستان میں کورونا کے ایک ہزار مریض شفایاب ہوئے جبکہ اس ملک میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی شرح بڑھ کے پانچ اعشاریہ چھے پانچ ہوگئی ہے۔
اس دوران پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کے پھیلاؤ نے خطرناک شکل اختیار کرلی ہے۔
کراچی میں کورونا ٹیسٹ کے مثبت نتائج کی شرح بیس فیصد سے زائد بتائی گئی ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پانچ ہزار چھے سو پچاس افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے ایک ہزار ایک سو انچاس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد نو لاکھ چھیاسی ہزار چھے سو اڑسٹھ ہے جن میں سے بائیس ہزار سات سو ساٹھ لقمہ اجل بن چکے ہیں ، پینتالیس ہزار پانچ سو اناسی زیرعلاج ہیں اور نو لاکھ اٹھارہ ہزار تین سو انتیس افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔