جنگ افغانستان میں امریکہ کا ساتھ دینا ہماری سب سے بڑی غلطی تھی، پاکستانی وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا ہے کہ جنگ افغانستان میں امریکہ کا ساتھ دینا ہماری سب سے بڑی غلطی تھی۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے بھمبر میں اپنی جماعت کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ماضی کی حکومتوں پر کڑی نکتہ چینی اور انہیں عالمی سطح پر پاکستانیوں کا وقار مجروح ہونے کا اصل ذمہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا، امداد لینے اور بھیک مانگنے والوں کی عزت نہیں کرتی۔ پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم غلط راستے پر چلے گئے تھے، ہم نے امداد کے بدلے دوسروں کی جنگ میں شامل ہو کر اپنی قوم کا نقصان کیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جنگ افغانستان میں امریکہ کا ساتھ دینے کی وجہ سے سترہزار پاکستانیوں کی قربانی دینا پڑی ہے-
پاکستان کے وزیراعظم نے گزشتہ دنوں امریکہ کو اپنی سرزمین پر فوجی اڈے دینے سے انکار کردیا تھا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی حکام نے فوجی انخلا کے بعد افغانستان کی صورتحال کی نگرانی کے لیے پاکستان سے فوجی اڈے فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک اب کسی بھی جنگ میں امریکہ کا ساتھ نہیں دے گا۔