Jul ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • افغان فوجیوں نے پاکستان سے پناہ مانگی

پاکستانی فوج نے کہا ہے افغان فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس کے چھیالیس افسران اور اہلکاروں کو پاکستان میں پناہ اور محفوظ راستہ دے دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان فوجی چترال کے ارندو سیکٹر میں دیر رات پہنچے تھے اور ان میں سے ایک کمانڈر نے چھیالیس فوجیوں کے لیے مدد کی درخواست کی تھی جن میں پانچ افسران بھی شامل تھے۔

یہ فوجی افغانستان کی بدلتی ہوئی سیکورٹی کی صورتحال کی وجہ سے سرحدی چیک پوسٹ پر اپنا کنٹرول باقی نہیں رکھ سکے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج نے متعلقہ معلومات اور ضروری کارروائیوں کے لیے افغان حکام سے رابطہ کیا ہے اور افغان فوجیوں اور افسران کو ضروری طریقہ کار کے بعد باوقار طریقے سے افغان حکومت کو واپس کیا جائے گا۔

اسی طرح کے ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی کو بھی پناہ مانگنے والے پینتیس افغان فوجیوں کو پاکستان میں محفوظ راستہ دے دیا گیا تھا اور مناسب طریقہ کار کے بعد افغان حکومت کے حوالے کردیا گیا تھا۔

ٹیگس