پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت
پاکستان میں کورونا مریضوں کے گراف ایک بار پھر اٹھان دیکھنے میں آ رہی ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے تین ہزار دو سو باسٹھ نئے مریضوں اور انتالیس اموات کا اندراج کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار ایک سو تیئس مریض شفایاب ہوئے۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے انسٹھ ہزار آٹھ سو ننانوے ہوگئی ہے جن میں سے دو ہزار سات سو بائیس کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا کے تعلق سے سب سے زیادہ تشویشناک صورتحال کراچی کی ہے جہاں کورونا ٹیسٹ کے مثبت نتائج کی شرح پچیس فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔
کراچی میں شام چھے بجے سے لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے کی خبر ہے۔ اسلام آباد میں کورونا ٹیسٹ کے مثبت نتائج کی شرح سات فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ سے زائد لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔