پاکستان میں ہوائی اڈوں پر کورونا چیکنگ بڑھانے کا فیصلہ
پاکستان میں ہوائی اڈوں پرکورونا چیکنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ کے ہوائی اڈوں پر کورونا کی جانچ کے لئے بڑی تعداد میں نرسوں اور طبی عملے کے دیگر افراد کو تعینات کیا جارہا ہے۔ یہ فیصلہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اس ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح، سات اعشاریہ ایک نو فیصد ہے۔
پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر کراچی ہے جہاں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح پچیس فیصد سے زائد بتائی گئی ہے۔ سندھ حکومت نے کراچی میں، کورونا کو کنٹرول کرنے کے لئے آٹھ اگست تک کے لئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے جس پر اس کو وفاقی حکومت کی مخالفت اور تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔