Aug ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

عزاداری سید الشہدا علیہ السلام، مجالس اور جلوس عزا سے متعلق حکومت نے ہدایات جاری کردیں۔

پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے محرم الحرام میں مجالس اور جلوس کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دیں ہیں. پاکستانی ذرا‏ئع کے مطابق ہدایات علماء کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر جاری کی گئیں۔

اطلاعات کے مطابق محرم الحرام میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں دیگر مذہبی اور سماجی علماء نے شرکت کی، جن کی مشاورت کے بعد این سی او سی نے باقاعدہ ہدایات جاری کیں۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیز کے تحت منعقد کیے جائیں گے، مجالس اور جلوسوں کے دوران ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ، تھرمل اسکریننگ کو  یقینی بنایا جائے گا اور گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائے گا۔

این سی او سی کا مزید کہنا تھا کہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ہینڈ سیناٹئزرز اور ماسک مہیا کیے جائیں گے، مجالس ہوادار اور کُھلی جگہوں میں منعقد کی جا ئیں گی، ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ رضاکاروں کی خدمات حاصل کرے گی۔

این سی او سی نے مزید کہا کہ تمام ہدایات متعلقہ علماء کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر جاری کی گئی ہیں، مجالس اور جلوسوں کے دوران کورونا ایس او پیز سے متعلق ہدایات پر مبنی بینروں کو آویزاں کیا جائے گا۔

ٹیگس