Aug ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں آج چوہترواں یوم آزادی منایا گیا

سنیچر کو پاکستان میں چوہترواں یوم آزادی منایا گیا ۔

اس مناسبت سے اسلام آباد اور پاکستان کے صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

یوم آزادی کی مرکزی تقریب پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں منعقد ہوئی جس میں پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزرا اور دیگر اعلی حکام اور شخصیات نے شرکت کی۔

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے ، جس نے بقول ان کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی ۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے میں بڑی طاقتیں کامیاب نہ ہوسکیں لیکن پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ جانوں کا نقصان اٹھایا لیکن کامیابی حاصل کی ۔

اسی مناسبت سے ایک خطاب میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستانی قوم سر اٹھاکے کھڑی ہوسکتی ہے۔ انھوں نے اپنی حکومت کی پالیسیوں کو قابل تعریف بتاتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بحالی نیز کورونا اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے ہماری پالیسیوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔

اس موقع پر کراچی میں بانی پاکستان محمد علی جناح اور لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔ چوہترویں یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان بھر میں سرکاری اور غیر سرکاری تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔

ٹیگس