اگلے عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے کرانے کی مہم تیز کی جائے: عمران خان
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے اگلے عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے کرانے کی مہم تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سنیچر کو وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کی میٹنگ میں دو ہزار تیئس کے عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے کرانے کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا کہ اس تعلق سے حزب اختلاف کی جماعتوں سے ضروری مشاورت انجام پا چکی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے کرایا جائے گا۔ پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق عمران خان نے وفاقی کابینہ کی میٹنگ میں کہا کہ آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے کرانے کے تعلق سے حکام عوام اور متعلقہ افراد میں آگاہی کی مہم شروع کردیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو ملک میں انتخابی اصلاحات پر مشاورت کی دعوت دی تھی جن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال بھی شامل ہے۔