افغانستان کے بارے میں عمران خان اور گوترش کی ٹیلی فونی گفتگو
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے ٹیلیفونی گفتگو میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان میں پیدا ہونے والی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے دفتر کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک ٹوئٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنی ٹیلیفونی گفتگو میں افغانستان میں امن و استحکام اور سیاسی مفاہمت کی اہمیت کی ضرورت پر زور دیا۔
اس کے علاوہ عالمی برادری کی جانب سے افغانستان میں خاص طور سے انسان دوستانہ ضروریات کے بارے میں کردار ادا کرنے نیز افغانستان میں معاشی استحکام کی ضمانت فراہم کئے جانے پر تاکید کی۔
اس گفتگو میں عمران خان نے افغان عوام کی انسان دوستانہ ضروریات کو پورا کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کی منتقلی میں مدد سے متعلق پڑوسی ملکوں کے ساتھ اقوام متحدہ کا تعاون قابل ذکر اہمیت کا حامل ہے۔