افغانستان کے لیے ہمسایہ ملکوں کے خصوصی نمائںدوں کا اجلاس
افغانستان کے چھے ہمسایہ ملکوں کے خصوصی نمائندوں کا آن لائن اجلاس پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوا جس میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی تعاون کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغانستان کے امور میں پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق خان کی صدارت میں ہونے والے اس آن لائن اجلاس میں ایران، چین، ترکمانستان, تاجیکستان اور ازبکستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق مذکورہ آن لائن اجلاس میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
افغانستان کے امور میں پاکستانی وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے محمد صادق خان نے پانچ دیگر ملکوں کے نمائندوں کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے علاقائی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مستحکم اور پائیدار افغانستان کے قیام کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق افغانستان کے لیے ہمسایہ ملکوں کے خصوصی نمائندوں نے اس ملک کی صورتحال کے بارے میں قریبی رابطوں اور صلاح و مشوروں کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔