قطر کے وزیر خارجہ کا ایران کے بعد پاکستان کا دورہ، افغانستان کے حالات پر گفتگو
قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان آل ثانی نے پاکستان کے دورہ پر وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں افغانستان کے حالات اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی۔
اس ملاقات میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ایک پر امن، محفوظ و مستحکم افغانستان کو پاکستان سمیت خطے کے لئے اہم بتایا۔ اسکے علاوہ انہوں نے افغانستان کی معاشی بہتری اور انسانی امداد کے لئے پاکستان کی کوشش جاری رہنے پر تاکید کی۔
پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان تنازعہ کی وجہہ سے پاکستان کو مشکلات کا سامنا رہا ہے اس لئے پاکستان اور خطے کے لئے افغانستان کا پرامن، محفوظ اور مستحکم ہونا ضروری ہے۔ اسکے علاوہ انہوں عالمی برادری سے افغانستان کی عوام کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کرنے نیز افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے اور مثبت بات چیت کی بھی اپیل کی۔
رپورٹ کے مطابق، اس ملاقات میں قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان آل ثانی نے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا نیز پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات برقرار رکھنے کا عزم کیا۔
اسکے بعد قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان آل ثانی نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمد قریشی سے ملاقات کی جس کے دوران پاکستانی وزارت خارجہ میں دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ قطر کے وزیر خارجہ اس سے پہلے ایران کے دورہ پر تھے جسکے دوران افغانستان کے تازہ حالات پر دونوں ملکوں کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔