Sep ۱۴, ۲۰۲۱ ۲۲:۲۴ Asia/Tehran
  • ایران، پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تجارت کو فوقیت دیتا ہے

ایران ، خارجہ تعلقات کے فروغ میں ہمسایہ ملکوں اور پاکستان کو فوقیت دیتا ہے۔

یہ بات ایران کے سفیر محمد علی حسینی نے منگل کو اسلام آباد میں ایوان صنعت و تجارت کے صدر اور ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران اپنے تمام ہمسایہ ملکوں اور خاص طور سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فوقیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی تاجر برادری کی حمایت اور تجارتی لین دین میں اضافے کے لیے بارٹر سسٹم کی ترویج ایک مناسب راستہ ہے۔

ایرانی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین میں حائل بعض رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض رکاوٹوں کا تعلق بیرونی اقدامات اور خاص طور پر ظالمانہ پابندیوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ایران اور پاکستان استقامت اور تعاون کے ذریعے ، پابندیوں سے پیدا ہونے والی مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او کنٹینر ٹرین کی بحالی سے علاقائی تجارت کے فروغ میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔

ایوان صنعت وتجارت اسلام آباد کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر ایرانی سفیر کی ایوان تجارت میں آمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد ، ایران کے ساتھ تعاون اور تجارتی لین دین کے فروغ کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔

ٹیگس