پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق عمران خان کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم نافذ کرنے کے تعلق سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس سلسلے میں اپنی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا اعلان کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس سلسلے میں بدھ کو دو بجے دن میں پارلیمنٹ ہاؤس میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں انتخابی اصلاحات کی بریفنگ دی جائے گی اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے بارے میں مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے کے حصول کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں اننتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔