Oct ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • کامیڈی اداکارعمر شریف کے انتقال پر سیاستدانوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والوں کا افسوس کا اظہار

پاکستان اور ہندوستان کے شوبز سے تعلق رکھنے والوں اور اسی طرح سیاستدانوں نے کامیڈی اداکارعمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر راج کرنے والے فنکار عمر شریف جرمنی میں انتقال کر گئے ہیں ۔ ان کی عمر 66 برس تھی اور وہ عارضۂ قلب سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا تھے۔

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی  اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا  اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکار عمر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے اور فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے، فن کے شعبے میں انکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف اور دوسرے سیاستدانوں نے اپنے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، رونے والوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا۔

عمر شریف کے انتقال پر ہندوستانی سلیبرٹیز نے بھی افسوس ظاہر کیا ہے۔ کامیڈین کپل شرما نے عمر شریف کے انتقال پر ٹویٹ کرکے اپنا دکھ ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کامیڈین (Comedian)  اور ٹیلی ویژن شخصیت عمر شریف (Umer Shareeff) نے 66 سال کی عمر میں ایک لمبی بیماری کے بعد آخری سانس لی۔ عمر شریف کو ایئر ایمبولینس سے امریکہ لے جایا جا رہاتھا جہاں دل کی سرجری ہونی تھی لیکن بیچ میں ہی اداکار کی طبیعت خراب ہو گئی اور انہیں جرمنی کے ایک اسپتال میں داخل کروانا پڑا۔

ٹیگس