پاکستان میں پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان
پاکستان میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے آئندہ سولہ دن میں پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں میں نو روپے کے اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پاکستان کے روزنامے ڈان آن لائن کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا ہے کہ ٹیکس کی موجودہ شرح، درآمدی قیمت اور روپے کی قدر میں کمی کی بنیاد پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے پانچ روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نو روپے فی لیٹر کے اضافے کا تخمینہ لگایا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی تین سے پانچ روپے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے۔ اوگرا نے بتایا ہے کہ پیٹرولیئم ایندھنوں میں اضافے کا فیصلہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت پیٹرول کی قیمت ایک سو ستائیس روپے تیس پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت ایک سو بارہ روپے چار پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت ننانوے روپے اکیاون پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت ننانوے روپے اکتس پیسے فی لیٹر ہے۔