Oct ۳۱, ۲۰۲۱ ۱۲:۳۷ Asia/Tehran
  • حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان معاملات طے پا گئے، گرفتار کارکنوں کی رہائی قریب

وفاقی حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان معاملات طے پا گئے اور گرفتار کارکنوں کی رہائی جلد ہی عمل میں آئے گی۔

ذرائع کے مطابق طے پانے والے معاہدے کے مطابق پہلے کالعدم تنظیم کے لوگ جی ٹی روڈ سے دھرنا ختم کریں گے جس کے بعد گرفتار کارکنوں کی رہائی قانونی ضابطے پورے کر کے عمل میں لائی جائےگی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومتی وفد اور کالعدم تنظیم کی قیادت کے درمیان گزشتہ رات مذاکرات ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وفاقی وزیر علی محمد خان شامل تھے۔

مذاکرات میں کالعدم تنظیم کے سربراہ سعد رضوی بھی شریک تھے۔

گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان سے علمائے کرام نے ملاقات بھی کی تھی۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک لبیک کے حوالے سے حکومتی وفد کی علمائے کرام کے ساتھ ہونے والی پریس کانفرنس مؤخر ہو گئی۔

حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ کچھ علمائے کرام ابھی نہیں پہنچے ہیں اس لیے پریس کانفرنس مؤخر کی گئی ہے۔

حکومتی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مذاکرات کرنے والے علماء کے پہنچتے ہی پریس کانفرنس کی جائے گی۔

 

ٹیگس