پاکستان: قومی اسمبلی میں متنازعہ احتساب آرڈینینس ترمیمی بل پاس
پاکستان کی قومی اسمبلی نے متنازعہ احتساب آرڈینینس ترمیمی بل پاس کردیا ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی نے احتساب آرڈینینس ترمیمی بل سمیت سات بل منظور کئے ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں قومی احتساب آرڈینینس ترمیمی بل کے ذریعے موجودہ چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کے عہدے کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق حال ہی میں نافذ ہونے والا قومی احتساب آرڈینینس ترمیمی بل حزب اختلاف کے اراکین کی جانب سے مسترد کیے جانے کے باوجود منظور ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی سے پاس ہونے والے بلوں میں ایک بل صحافیوں کے تحفظ سے تعلق رکھتا ہے۔اجلاس کے دوران حکومتی اراکین کی کم تعداد میں حاضری کے پیشِ نظر اپوزیشن نے دو مرتبہ کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے اجلاس ختم کرانے کی کوشش کی تاہم ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے حکومتی اراکین کو کورم پورا کرنے کا وقت دے کر نئی مثال قائم کی۔ کورم کی نشاندہی کرنے کے بعد اپوزیشن اراکین ایوان سے باہر چلے گئے لیکن ڈپٹی اسپیکر نے کارروائی معطل نہیں کی اور گنتی کرنے کا حکم دیا جو ایک گھنٹے تک جاری رہی، اس دوران اتحادی جماعتوں کے اراکین کو ایوان میں لاکر کورم پورا کردیا گیا۔