پاکستان میں مہنگائی کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کا احتجاج
پاکستان کے کئی شہروں میں مہنگائی کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں نے احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بہاولپور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ریلوے اسٹیشن سے فرید گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی اور حافظ آباد میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ مہنگائی کے خلاف احتجاج میں شامل رکشہ ڈرائیوروں نے رکشوں کےآگے گدھے باندھ رکھے تھے۔ ادھر سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن میں وکلاء نے مہنگائی کے خلاف عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔ علاوہ ازیں ضلع خیبر کے لنڈی کوتل بازار میں جماعت اسلامی نے بھی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم ایندھنوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان ریلوے کے ساتھ ساتھ روڈ ٹرانسپورٹ نے بھی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے کرائے میں تیس فیصد تک اضافہ کردیا ہے جس کے باعث کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیںکافی بڑھ گئی ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔