شاعرمشرق علامہ اقبال کا یوم پیدائش، مختلف ملکوں میں تقریبات کا انعقاد
Nov ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۳ Asia/Tehran
اردو دنیا میں آج شاعر مشرق علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔
شاعر مشرق علامہ اقبال کے ایک سو چوالیسویں یوم پیدائش پر پاکستان سمیت پوری دنیا میں اردو داں حلقوں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیاہے۔ پاکستان میں علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی تقریبات سرکاری سطح پر منائی جاتی ہیں۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس مناسبت سے منگل کو مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔لاہور میں مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں پاکستانی بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور مزار کے اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔اس تقریب میں سرکاری عہدیداروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔