پاکستان کے وزیراعظم سپریم کورٹ پہنچ گئے
سپریم کورٹ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران اس ملک کے وزیراعظم کو طلب کر لیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) حملہ کیس میں طلب کرنے پر سپریم کورٹ پہنچ گئے۔
یہ سماعت حکومت کے اس اعلان کے بعد ہوئی ہے کہ حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان ’مکمل جنگ بندی‘ معاہدہ ہو چکا ہے۔
وزیراعظم کمرہ عدالت نمبر 1 میں موجود ہیں جبکہ وکلا، سکیورٹی اہلکاروں اور اے پی ایس حملے کے متاثرین کے اہل خانہ کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں موجود ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید سمیت دیگر وفاقی وزرا بھی سپریم کورٹ میں موجود ہیں۔
وزیر اعظم کی آمد سے قبل سپریم کورٹ کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ وزیر اعظم کی آمد سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور انسپیکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد بھی سپریم کورٹ پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اے پی ایس کیس میں آج وزیر اعظم کو طلب کیا تھا۔
گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا وزیراعظم نے عدالتی حکم پڑھا ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیراعظم کو عدالتی حکم نہیں بھیجا تھا، وزیراعظم کو عدالتی حکم سے آگاہ کروں گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم کو بلائیں ان سے خود بات کریں گے، ایسے نہیں چلے گا۔