پاکستان کے کوہ پیما کا نام گنیز ورلڈ رکارڈز میں شامل
پاکستان کے شہروز کاشف کو دنیا کی دو بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما کے طور پر گینیز ورلڈ رکارڈز میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ڈان ویب سائٹ کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈز نے پاکستان کے شہروز کاشف کو دنیا کا سب سے کم عمر کوہ پیما تسلیم کر لیا ہے جنہوں نے رواں سال محض تین ماہ کے فرق سے دنیا کی بلند ترین چوٹیاں ماؤنٹ ایوریسٹ اور کے-2 سر کی تھیں۔
شہروز نے پہلے آٹھ ہزار آٹھ سو انچاس میٹر بلند دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ سر کی اور اسکے بعد آٹھ ہزار چھے سو گیارہ میٹر بلند کے-2 سر کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والے کاشف نے انیس سال اور ایک سو اڑتیس دن کی عمر میں ان چوٹیوں کو سر کیا۔ اطلاعات کے مطابق چھے مئی دو ہزار اکیس کو کاشف دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے سب سے کم عمر پاکستانی تھے، اس کے بعد جولائی دوہزار اکیس میں وہ دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے-2 سر کرنے والے سب سے کم عمر پاکستانی بن گئے جو وادی شگر، گلگت بلتستان، پاکستان میں واقع ہے۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے پہلی مرتبہ گیارہ سال کی عمر میں تین ہزار آٹھ سو پچاسی میٹر بلند مکرا چوٹی کو سر کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ نیپال، چین اور پاکستان میں دنیا کی چودہ بلند ترین چوٹیاں ہیں جنکی اونچائی آٹھ ہزار میٹر سے زائد ہے۔
آٹھ ہزار آٹھ سو اڑتالیس میٹر بلند دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ نیپال میں واقع ہے، جبکہ پاکستان میں کے۔ٹو سمیت آٹھ ہزار میٹر سے بلند پانچ چوٹیاں ہیں۔