ہم پاکستان کو امریکی ہتھیار نہیں بیچ رہے: طالبان
طالبان نے امریکی اسلحے پاکستان کو فروخت کرنے کے دعوے کو مسترد کیا ہے۔
طالبان نے پاکستان کے ایک اخبار کی اس رپورٹ کو مسترد کیا ہے جس میں افغانستان میں امریکہ کے باقی بچے اسلحوں کے اسلام آباد کو بیچے جانے کی بات کہی گئی ہے۔
افغانستان کی عبوری وزارت داخلہ نے امریکی اسلحے پاکستان کو فروخت ہونے کی خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سرحدوں کی حفاظت اسکے ذمے ہے اور ایسے حالات میں پاکستانی اخبار کی رپورٹ میں صداقت نہیں ہے۔
طالبان کی وزارت داخلہ نے یہ بھی کہا کہ وہ نئی فوج کو تشکیل دے رہی ہے، اسلئے اسے مزید اسلحوں کی ضرورت ہے۔
اس وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وہ اسلحوں کی اسمگلنگ کے مخالفت میں بہت سنجیدہ ہے اور کسی کو ایک اسلحے کی بھی اسمگلنگ یا اسے بیچنے کی اجازت نہیں دے گی۔
اس سے پہلے پاکستانی اخبار ڈان میں رپورٹ شائع ہوئی تھی کہ پاکستان، افغانستان میں امریکی فوج کے بچے ہوئے اسلحے اس خدشے کے پیش نظر خرید رہا ہے کہ کہیں یہ اسلحے پاکستان کی تحریک طالبان ٹی ٹی پی کے ہاتھوں میں نہ پڑیں۔
اسی طرح اس اخبار کی رپورٹ میں آیا تھا کہ طالبان کو پیسوں کی ضرورت ہے اور پاکستان ان اسلحوں کی خریداری کے لئے ہر ضروری اقدام کے لئے تیار ہے۔