Dec ۳۱, ۲۰۲۱ ۲۳:۳۹ Asia/Tehran
  • پاکستانی عوام کو حکومت نے دیا نئے سال کا تحفہ

پاکستان کی حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے دیا ہے۔  پیٹرول اور ڈیزل 4 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔

پاکستان کے خزانہ ڈویژن سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 4،4 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.95 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 4.15 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت فی لیٹر قیمت 144.82 روپے ہو گئی ہے جبکہ ڈیزل یکم جنوری سے 141.62 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو گا۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 113.53 روپے ہوگئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 111.06 روپے فی لیٹر پر دستیاب ہو گا۔

فنانس ڈویژن سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اوگرا کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت پٹرولیم لیوی کا ہدف پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات صرف 4 روپے فی لیٹر مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی یکم جنوری 2022 سے ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے 15 دسمبر کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا جو یکم ستمبر کے بعد حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ قیمتوں میں کمی کا اعلان تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باوجود ملک میں اس کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور مالی سال 2021 میں دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے برعکس پیٹرول کی کھپت 83 لاکھ 50 ہزار ٹن تک بڑھ گئی۔

ٹیگس