پاکستان میں پی ٹی آئی پر الیکشن کمیشن کا الزام
پاکستان کے قومی الیکشن کمیشن نے حکمراں جماعت پی ٹی آئی پرغیرممالک سے ملنے والے فنڈ کم دکھانے کا الزام لگایا ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کی تیار کردہ تہلکہ خیز رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے حاصل ہونے والے فنڈ کم کرکے دکھائے اور درجنوں بینک کھاتوں کو چھپایا ہے ۔
ڈان آن لائن کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ میں پارٹی کی جانب سے بڑی رقوم کی منتقلی کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا گیا ۔ ڈان اخبار کے مطابق پاکستان کے الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں پی ٹی آئی کے غیر ملکی بینک کھاتوں اور بیرون ملک جمع کیے گئے فنڈوں کی تفصیلات حاصل کرنے میں کمیٹی کی بے بسی کا بھی ذکر موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے مالی سال دو ہزار نو دس اور دو ہزار بارہ تیرہ کے درمیان چار سال کی مدت میں اکتیس کروڑ بیس لاکھ روپے کی رقم کم ظاہر کی ہے ۔
رپورٹ میں پی ٹی آئی کے چار ملازمین کو ان کے ذاتی بینک کھاتوں میں چندہ وصول کرنے کی اجازت دینے کے تنازعے کا بھی حوالہ دیا گیا لیکن کہا گیا ہے کہ ان کے کھاتوں کی چھان بین کرنا کمیٹی کے دائرہ کار سے باہرہے ۔
یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی جب الیکشن کمیشن نے تقریباً نو ماہ کے وقفے کے بعد منگل کے روز پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی دوبارہ سماعت شروع کی۔
اس سلسلے میں اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو خفیہ رکھنے کی پی ٹی آئی کی درخواست ای سی پی نے مسترد کردی تھی اور اس معاملے کی آئندہ سماعت اٹھارہ جنوری کو ہوگی۔