پاکستان میں دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے، وفاقی وزیرداخلہ
پاکستان کے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور کے انارکلی میں ہونے والےبم دھماکے کے دہشت گردوں تک پہنچنے کا دعوی کیا ہے ۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا کہ لاہور دھماکے کے ملزموں تک پہنچ گئے ہیں اور دہشت گردی کو شکست دیں گے - ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام اداروں کو الرٹ جاری کردیئے گئے ہیں ۔
شیخ رشید نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی شرطیں ناقابل قبول تھیں اس لئے بات چیت آگے نہیں بڑھ سکی۔ انہوں نے کہا کہ فائربندی ٹی ٹی پی نے توڑی اور اگروہ لڑنا چاہتے ہیں تو ہم ان سے لڑیں گے -
شیخ رشید نے اعتراف کیا کہ پچھلے تین مہینے کے دوران ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہواہے - انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔
پاکستانی وزیرداخلہ نے کہا کہ لاہور کے حالیہ دہشت گردانہ دھماکے کے بعد مختلف علاقوں میں دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے۔