پاکستان کو ایک بار پھر فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنے کی کوشش، حملے میں پادری ہلاک، دوسرا زخمی
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک پادری ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گلبہار تھانے کی حدود میں رنگ روڈ کے قریب پیش آیا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس نے کہا کہ جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ولیم سراج چمکنی تھانے کی حدود میں ایک چرچ میں پادری تھے۔
دریں اثنا لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی پادری کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں پر طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا تھا۔
جائے حادثہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عباس احسن نے کہا کہ مسیحی برادری پر حملہ افسوسناک ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے مسیحی برادری کے مذہبی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مجرم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
وزیراعلیٰ نے حکام کو زخمی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔