پاکستان میں کورونا کی ابتر صورت حال
پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر میں ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
پاکستانی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ کورونا کے یومیہ مریضوں کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن جمعرات کو چوبیس گھنٹے میں کورونا سے بیالیس افراد موت کی آغوش میں چلے گئے جو پانچویں لہر میں ایک دن میں اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد انتیس ہزار تین سو بہتر ہو چکی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے پانچ ہزار آٹھ سو تیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا اور سات ہزار آٹھ سو انتالیس مریض شفایاب ہوئے ۔
پاکستان کے اسپتالوں ، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد ایک لاکھ بہتر ہزار ہے جن میں سے ایک ہزار پانچ سو نوے کی حالت نازک ہے۔