وزیر اعظم عمران خان نوشکی پہنچے، فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا
پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نوشکی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ اور گورنر بلوچستان، وفاقی و صوبائی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور بہادری کو سراہا جنہوں نے دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کیا۔
عمران خان نے بلوچستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کی باقیات کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کی حمایت کے قومی عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جامع قومی کوشش، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون اور مسلح افواج کی مدد سے ہم بلوچستان کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
عمران خان نے علاقے کے قبائلی عمائدین سے بھی بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی مسلسل حمایت اور بلوچستان میں خوشحالی اور ترقی کے لیے کیے جانے والے حکومتی اقدامات میں ان کے تعاون کو سراہا۔
یاد رہے کہ دو فروری کو دہشت گردوں کی جانب سے نوشکی اور پنجگور میں واقع سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دو علیحدہ علیحدہ حملے کیے گئے تھے جن میں نو فوجی مارے گئے تھے جبکہ بیس دہشتگردوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا تھا۔