Feb ۱۷, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۹ Asia/Tehran
  • بل گیٹس، پاکستان پہنچ گئے، ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا

مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور ارب پتی انسان دوست شخصیت بل گیٹس اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر جمعرات کو پاکستان پہنچے جہاں انہیں ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔

بل گیٹس کو پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون اور انسداد پولیو مہم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوان صدر میں 'ہلال پاکستان' سے نوازنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو 'ہلال پاکستان' ایوارڈ سے نوازا۔ قبل ازیں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے وزیر اعظم کے دفتر میں عمران خان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بل گیٹس کا پاکستان میں استقبال کرنا خوشی کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کئی کامیابیوں کے علاوہ دنیا بھر میں انہیں ان کی غریب پروری پر بھی سراہا تھا، اپنی قوم کی جانب سے پولیو اور غربت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 

بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ بھی کیا اور چیئرمین اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔

بل گیٹس اور ان کے وفد کو این سی او سی کے کردار اور طریقہ کار، کورونا وبا کے آغاز سے اب تک کی کامیابیوں، پاکستان بھر میں کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران سے مختلف مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر بات چیت کی ہے۔

ٹیگس