عمران خان کی چودھری برداران سے ملاقات، تحریک عدم اعتماد کا کیا بنے گا؟
حزب اختلاف کی جانب سے تحریک عدم اعتمادی کی تیاریوں اور پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے درمیان پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہم ترین اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق عمران خان اور چودھری برداران کے نام سے معروف مسلم ق کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال گیا۔ اس ملاقات کے لیے عمران خان خصوصی طور پر اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے۔
حزب اختلاف کی تین بڑی جماعتوں مسلم لیگ نون، پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے اعلان کے بعد، اس ملاقات کو خاص اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔
اس سے پہلے مذکورہ تینوں جماعتوں کے قائدین بھی چودھری برادران سے ملاقات کر چکے ہیں جس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کی اپیل کی گئی تھی۔